لاہور: پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے 1 ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ وینا ملک نے اپنے سابق شوہر اسد خٹک پر الزام عائد کیا ہے کہ اسد خٹک جھوٹے الزامات عائد کرکے میڈیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ان کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔
اداکارہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک سے خلع حاصل کی ہوئی ہے، وینا ملک کا کہنا ہے کہ بچوں کی حوالگی عدالت کے ذریعے ہوئی، بچے میرے پاس ہیں تاہم اسد خٹک جھوٹے الزامات سے میری شہرت متاثر کرنے میں مصروف ہیں۔
وینا ملک کا کہنا ہے کہ اسد خٹک مجھے بلیک میل کرنے کیلئے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، وینا ملک نے سیشن کورٹ میں ہتکِ عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت اسد خٹک کو 100 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک اپنے بچوں کو لینے کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔
اسد خٹک اور وینا ملک کے درمیان بچوں کی حوالگی کے معاملے پر تنازعہ عرصۂ دراز سے میڈیا رپورٹس کا حصہ رہا ہے، اسد خٹک نے وینا ملک کے خلاف 7 روز قبل ویڈیو بیان جاری کردیا۔
مزید پڑھیں: وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک بچوں کو لینے کیلئے پاکستان پہنچ گئے