اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی پلان اے پر عمل درآمد کرچکی ہے، پلان بی تیار ہے اورپلان سی ’خطرناک‘ ہوگا۔
ایک ٹی وی ٹاک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ٹی آئی حکومت کو ناکام بنانے کے لیے ’غیر ملکی سازش‘ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا پلان اے تھا جس پر عملدرآمد ہو چکا ہے اور پلان بی اور سی بھی تیار ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ”پلان سی خطرناک ہو گا”۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کریں گے اور مزید کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی طرح نہیں ہیں جنہوں نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔
مبینہ‘غیر ملکی سازش’پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی برطرفی سے متعلق احسن اقبال کے ٹویٹ کو امریکی سفارت خانے نے ری ٹویٹ کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دھمکی آمیز خط قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کو دکھایا گیا اور کمیٹی نے سخت ردعمل کی سفارش کی۔
مزید پڑھیں: علیم خان کا سابق وزیر اعلیٰ بزدار پر پیسے لے کر تبادلے کرانے کا الزام