کراچی میں ایکسپو سینٹر کے ویکسینیشن سینٹر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ سائنو ویک، کین سائنو اور سائنو فارم ویکسینز نایاب ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسینیشن سینٹر کو ویکسین کی قلت کا سامنا ہے۔ ایکسپو سینٹر میں صرف ایسٹرا زینیکا ویکسین دستیاب ہے تاہم دیگر ویکسینز کی قلت ہے۔
ایکسپو سینٹر کے ہال 3 اور 4 میں ویکسینیشن کیلئے آنے والے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ یومیہ 30 ہزار سے زائد ویکسین لگائی جاتی ہے۔ ویکسین کی طلب بڑھنے سے اس میں ایک دم کمی دیکھی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں میں ویکسین کا اسٹاک آجائے گا اور ایسٹرا زینیکا کے علاوہ سائنو ویک، کین سائنو اور سائنو فارم ویکسینز لگانے کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل صوبہ پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل فون سِم بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت پہلے ہی کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون سِم بند کرنے کا اعلان کرچکی ہے جبکہ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی سم بند کردیں گے۔
مزید پڑھیں: حکومت کا کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی سم بند کرنے کا فیصلہ