پشاور: امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا پہلے اپنی بے لگام جنگی نفسیات پر قابو پائے، پاکستان پر تنقید عجوبے سے کم نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے والے واحد ملک اور دنیا بھر میں جنگیں چھیڑنے والے ملک کے صدر کا پاکستان پر بیان عجوبہ ہے۔
وزیر اعظم نے امریکی صدر کا بیان مسترد کردیا
ٹوئٹر پیغام میں امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے امریکا کو فسادات برپا کرکے لاکھوں انسانوں کے قتل کا باعث بننے والی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے متعلق تحفظات کا اظہار اپنے آپ میں عجوبہ ہے۔امریکا اپنی بے لگام جنگی نفسیات پر قابو پائے۔
ایٹمی ہتھیار کو استعمال کرنے والے واحد ملک اور دنیا بھر میں جنگیں چھیڑ کر اور فسادات برپا کرکے لاکھوں انسانوں کے قتل کا باعث بننے والی ریاست کے صدر کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرنا اپنے آپ میں عجوبہ ہے۔ امریکہ پہلے اپنی بےلگام جنگی نفسیات پر قابو پائے
— Siraj ul Haq (@SirajOfficial) October 15, 2022
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ذمہ دار جوہری ریاست ہے جبکہ ایٹمی پروگرام مؤثر تکنیکی و فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیرِ انتظام ہے۔
گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے امریکی صدر کا یان حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جوہری صلاحیت پر ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا اور عالمی معیارات کا پختہ عہد پورا کیا۔
قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام ممالک اپنے اتحادیوں پر نظر ڈال رہے ہیں، دنیا ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔ پاکستان خطرناک ایٹمی ملک ہے۔