امریکا کے بین الاقوامی ملٹری میگزین نے اپنے تازہ شمارے میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کی ہے، اس اشاعت نے مشکل وقت میں ملک کی سلامتی کو برقرار رکھنے میں جنرل عاصم منیر کے اہم کردار کو اجاگر کیا ہے۔
شمارے میں لکھا گیا کہ “چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر ہنگامہ خیز وقت میں پاکستانی سیکورٹی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ میگزین نے مزید کہا کہ جنرل منیر جنہوں نے نومبر 2022 میں کمان سنبھالی تھی، ایک ایسے رہنما کے طور پر پہچانے جاتے ہیں جو پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے ملک کو کامیابی کے ساتھ ایک ایسے راستے پر گامزن کیا ہے جس میں انتہا پسند گروپوں کے خلاف مضبوط فوجی کارروائیاں اور اسٹریٹجک ملٹری ڈپلومیسی دونوں شامل ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے خاص طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مقابلہ کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے، جسے فتنہ الخوارج بھی کہا جاتا ہے۔ اشاعت کے مطابق ان کی رہنمائی میں فوج نے نومبر 2022 سے جولائی 2024 تک دہشت گرد عناصر اور ان کے حامیوں کے خلاف 22,409 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیے ہیں۔
ان کارروائیوں کے نتیجے میں 398 دہشت گردوں کا خاتمہ ہوا، جن میں 31 اعلیٰ اہداف بھی شامل ہیں، جس سے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج کے عزم کو تقویت ملی ہے۔