انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر امریکا کی جانب سے پاکستان کے سابق پولیس افسر راؤ انوارپر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بیرونی ممالک کے اثاثہ جات کو کنٹرول کرنے سے متعلق امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر کی جانب سے مختلف ممالک کی 18 شخصیات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے افراد کی فہرست میں پاکستان کے سابق پولیس افسر راؤ انوار کا نام بھی شامل ہے،بیان کے مطابق فہرست میں موجود ان اٹھارہ افراد نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ راؤ انوار خان نے اطلاعات کے مطابق ضلع ملیر میں پولیس کے سینئیر سپریٹینڈنٹ پولیس کی حیثیت سے بہت سے جعلی پولیس مقابلے کیے جن میں پولیس کے ہاتھوں لوگ مارے گئے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ 190 پولیس مقابلوں میں ملوث تھے جن میں نقیب اللہ محسود سمیت 400 افراد ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ انسانی حقوق: آج یہ دن منانے کا مقصد استحصال کے خلاف آواز بلند کرنا ہے