جنیوا: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ریڈیو کے عالمی دن کے موقعے پر اقوامِ متحدہ نے ریڈیو کی افادیت پر آگہی کو فروغ دینے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی سطح پر ریڈیو کا عالمی دن منانے کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو میں کیا گیا۔ یونیسکو کی جنرل کانفرنس نے اپنے 36ویں اجلاس میں 13 فروری کو ورلڈ ریڈیو منانے کا عندیہ دیا۔
ریڈیو کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام الناس اور میڈیا کے مابین ریڈیو کی اہمیت اجاگر کرنا ہے تاکہ فیصلہ سازوں کو معلومات کی رسائی ریڈیو کے ذریعے دینے پر آمادہ کیا جائے۔
بین الاقوامی دن منانے کا ایک مقصد براڈ کاسٹرز کے بین عالمی سطح پر تعاون اور نیٹ ورکنگ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ 14 جنوری 2013ء کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یونیسکو کے فیصلے پر مہرِ تصدیق ثبت کی۔
جنرل اسمبلی نے اپنے 67ویں اجلاس کے دوران ایک قرارداد منظور کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ 13 فروری کو ہر سال بطور بین الاقوامی ریڈیو ڈے منایا جائے۔
بین الاقوامی ریڈیو ڈے کے موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ ریڈیو عوام کو قریب لاتا ہے۔ میڈیا کے ارتقاء کے تیز ترین دور میں ریڈیو کا مقام الگ حیثیت کا حامل ہے۔
اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ریڈیو کا اپنے آغاز ہی سے اپنے سامعین سے ایک مضبوط رشتہ ہے جسے آج تک نبھایا جارہا ہے جبکہ معلومات کے تنوع اور اقسام کے لحاظ سے ریڈیو آج بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔