اسلام آباد:جماعت اسلامی کے زیراہتمام اسلام آباد میں حقوق کراچی مارچ کے حوالے سے ریلی کااہتمام کیاگیا، ریلی کی سربراہی امیرجماعت سینیٹر سراج الحق نے کی،امیر جماعت سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی اس وقت مسائلستان بنا ہواہے، کراچی میں لاقانونیت عروج پر ہے۔
اسٹریٹ کرائمز دن بدن بڑھتا جا رہاہے، سیوریج کا نظام تباہ ہوچکاہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ اشرافیہ امیر سے امیر تر ہوتی جارہی ہے، گزشتہ 12سالوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ پر حکومت ہے اورسندھ کے مختلف علاقوں میں بھوک،افلاس اورننگ ناچ رہاہے اور دور افتادہ علاقوں میں لوگ پینے کے پانی کیلئے ترستے ہیں۔
خواتین پینے کے پانی کیلئے صبح گھر سے نکلتی ہیں تو رات کو ایک مٹکا پانی لے کر گھر پہنچتی ہیں، روشنیوں کے شہر کراچی کی روشنیاں ماند پڑچکی ہیں، کراچی پاکستان کا بزنس حب ہے،25فیصد سے زائد ریونیو کراچی کما کر دیتا ہے لیکن وہاں پر عوام کی صورتحال دن بدن ابتر ہورہی ہے۔
وڈیرے سسٹم نے نظام کو تباہ وبرباد کررکھاہے اور غریب ہاری ان کے ظلم وستم کا شکار ہیں، ہم کراچی کے حقوق کی بات اس لئے کرتے ہیں کہ جب جماعت اسلامی کی کراچی میں میئرشپ تھی تو ان تین سالوں کے دوران کراچی میں یونیورسٹیاں،کالجز، پل اور سڑکیں بنائی گئیں جس کااعتراف ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں بھی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج پھر حکومت وقت اور سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیاجائے، کراچی کی رونقیں اور روشنیاں بحال کی جائیں اور کراچی میں رہنے والے تمام طبقہ فکر کو جانی ومالی تحفظ فراہم کیاجائے۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی کو فرقہ واریت سے بچایا جائے،کراچی میں ہر طبقہ فکر کے لوگ آباد ہیں، ان کا تحفظ فراہم کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ سندھ کے وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء لمبی تان کر سورہے ہیں اور عوام ذلیل وخوار ہورہے ہیں۔
ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کراچی کے باسیوں کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے اور ان کے مسائل حل نہیں ہوجاتے، ہم اسی طرح کوشش جاری رکھیں گے اور کراچی کی عوام کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں گے۔