کراچی : شہر بھر میں شدید ترین گرمی کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی، شہر کے مختلف علاقوں میں شہری سڑکوں پر آگئے۔ نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی، لیاقت آباد، گلشن حدید، گھگھر، پپری،ابراہیم حیدری اور دیگر علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب کی گئی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور زائد بلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
قیامت خیز گرمی اور لاک ڈاؤن کے باوجودمختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث ضلع ملیر کے مختلف علاقوں گلشن حدید، پپری، گھگھر،ابراہیم حیدری اور دیگر میں علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گلشن حدید واحد علاقہ ہے جہاں کے الیکٹرک کو 100 فیصد بلنگ کی مد میں وصولی ہوتی ہے،جس کے باعث یہاں سے لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی تھی،لیکن اب بار بار کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کر کے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
گھگھر، ابراہیم حیدری اور پپری کے مکینوں کا کہنا ہے یہاں کے الیکٹرک کے عملے نے اپنے مقامی دلال مقرر کر دیے ہیں جنہوں نے بھتہ وصولی کا کام شروع کردیا ہے اور طرح طرح سے لوگوں کو پریشان کرنے لگے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بجلی دن میں ہر دو گھنٹوں کے بعد غائب ہوجاتی ہے، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ایسا ڈپارٹمنٹ ہے جو حکومت کی بات بھی نہیں سنتا،علاقہ مکینوں نے وفاقی حکومت سے کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف کارروائی کر کے بجلی بحالی کا مطالبہ کیاہے۔