جنیوا: اقوامِ متحدہ نے اپنے اسٹاف کو پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) سمیت کسی بھی پاکستانی ائیر لائن سے سفر نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارے اقوامِ متحدہ نے قومی ائیر لائن (پی آئی اے) میں مشکوک لائسنس کیس کی تحقیقات کے باعث یہ فیصلہ کیا۔ اقوامِ متحدہ نے اسٹاف کو افغانستان کیلئے رجسٹرڈ ائیر لائن سے سفر کرنے کی اجازت دی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ 262پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیئے گئے جن میں سے 28 کے جعلی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، جبکہ تمام ایئر لائنز کو مشکوک لائسنز رکھنے والے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا گیا۔ اس معاملے میں اب غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر ہوا بازی نے گزشتہ برس 26 جون کو کہا کہ کہ مشکوک لائسنس والوں میں 141 پائلٹس پی آئی اے کے ہیں۔ 9پائلٹس ایئر بلیو،10سرین ایئرلائن اور 17شاہین ایئر لائن کے پائلٹس کے لائسنس مشکوک پائے جارہے ہیں، باقی پائلٹس غیر ملکی ایئر لائن چارٹر اور دیگر پرائیویٹ ایئر لائن کے ساتھ ہیں،انہوں نے کہا کہ ان میں سے 28 پائلٹس کے لائسنس جعلی ثابت ہوچکے ہیں اور 9 پائلٹوں نے جعلی ڈگری کا اعتراف کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں: 262پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں، غلام سرور خان کا انکشاف