شرم الشیخ: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی اداروں سے مطالب کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورۂ مصر کے دوران اپنے ایک بیان میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ کمزور طبقہ متاثر ہوتا ہے۔وزیراعظم
بیان میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے روزگار سمیت عوام کا سب کچھ تباہ ہوگیا۔ میں نے دورۂ پاکستان کے دوران سیلاب زدہ افراد کو ایک دوسرے کی مدد کرتے دیکھا۔
اپنے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں امداد کا منتظر ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں۔
افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے افغان مہاجرین کی میزبانی ناقابلِ فراموش ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ کمزور طبقہ متاثر ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دورۂ مصر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کیا۔