پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہورومعروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کی طبیعت ناساز ہوگئی، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے علاج کی خاطر بیرونِ ملک جانے میں مالی امداد کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشہورومعروف ٹی وی و اسٹیج ایکٹر اور کامیڈین عمر شریف کچھ عرصے سے علالت کے باعث شوبز انڈسٹری سے غائب ہیں۔ حال ہی میں ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ بیمار نظر آئے۔
معروف ٹی وی میزبان اور تجزیہ کار وسیم بادامی نے فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر عمر شریف کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں معروف کامیڈین وزیر اعظم عمران خان سے علاج میں مالی مدد کی درخواست کرتے نظر آئے۔
ویڈیو پیغام میں عمر شریف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے مجھے بہتر علاج جانے کیلئے بیرونِ ملک جانے کی ہدایت کی ہے۔ میرا بہتر علاج امریکا میں ممکن ہے۔ جتنا قسمت میں تھا، عمران خان کی شوکت خانم ہسپتال بنانے میں مدد کرچکا ہوں۔
پیغام میں عمر شریف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جب کوئی قدم اٹھایا، مجھے فون کیا ہے اور میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا۔ یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک ضرور کہیں گے اور میری مدد کریں گے۔
عمر شریف ویڈیو پیغام میں بے حد بیمار نظر آئے جو مشکل سے بات کر رہے تھے۔ گزشتہ شب یہ ویڈیو نجی ٹی وی پروگرام الیونتھ آور میں بھی شیئر کی گئی۔ عمر شریف کے نام سے مشہور محمد عمر کا شمار دنیا کے صفِ اول کے کامیڈینز میں کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان نے نئے اشتہار میں پائلٹ بن کر مداحوں کے دل جیت لیے