اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کے باعث سیاح اور شہری غیر محفوظ ہوگئےجبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اسلام آباد کے حساس علاقوں میں مسلح افراد بغیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل پر فیصل مسجد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران گن پوائنٹ پرسیاحت کی غرض سے آئے افراد سے کیمرے لے کر فرارہوگئے۔
پولیس تاحال نقاب پوش مجرمان کا پتہ لگانے میں ناکام ہے ، متاثرہ افرادفیصل مسجدپر فوٹو سیشن کی غرض سے آئے تھے ، دوسری جانب پولیس متاثرہ افراد کو طفل تسلیاں دیتی ہوئی نظر آئی اورواقعے کی ایف آئی آر درج کرنے سے بھی گریزاں ہے۔
اس حوالے سے متاثرہ شخص نعمان ارشدکا کہنا تھا کہ میں اور میرا دوست سید احسان نوبیاہتا شادی شدہ جوڑے کی غرض سے اسلام آباد آئے تھے، فیصل مسجد کے قریب اچانک 2 نقاب پوش مسلح افراد آئے اور کیمرے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
نعمان ارشد نے کہا کہ مسلح افراد نے کیمرا نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، دونوں مسلح ڈکیت کیمرے چھین کر فرار ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کیمروں کی مالیت 3 لاکھ تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ورکس ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیدار کی ٹینڈر کی جگہ پرچیوں سے کام چلانے کی کوشش