راولپنڈی: باجوڑ ڈسٹرکٹ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں نے پاک فوج پر شدید فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر پاک فوج کے 2جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کی حدود سے پاک فوج کے جوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی پر پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پاک افغان بین الاقوامی بارڈر پر قائم پاک فوج کی چوکی پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ دہشتگردوں نے افغان علاقے سے فوجی چوکی کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: پسنی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کے 2جوان شہید