کراچی میں حادثے کا شکار قومی ائیر لائن (پی آئی اے ) کے طیارے میں شہید ہونے والے راولپنڈی کے 2 افراد کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں افراد کی نمازِ جنازہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں ادا کی گئی جبکہ اس سے قبل حادثے میں شہید پولیس اہلکار راجہ آصف اور شہری سیّد دانش سمیت 3 افراد کی میتیں اسلام آباد ائیرپورٹ لائی گئیں۔
کچہری چوکی راولپنڈی میں تعینات ہیڈکانسٹیبل آصف فیاض اور شہید شہری سیّد دانش آپس میں کزن تھے جبکہ جاں بحق ہونے والاملک ذیشان دونوں کا دوست تھا۔ایئر پورٹ آمد کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔
بعد ازاں جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان بھی شریک ہوئے۔نماز جنازہ کے بعدغلام سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پالپا سمیت کسی کو طیارہ حادثہ میں سیاست نہیں کرنے دیں گے۔
وفاقی وزیرِ ہوا بازی نے کہا کہ سول ایوی ایشن اور ائیر فورس کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم بنا دی گئی ہے۔طیارہ نمبر320بنانے والی کمپنی بھی حادثے کی تحقیقات کرے گی جبکہ واقعے میں ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔
وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ طیارہ حادثے کی رپورٹ پارلیمنٹ سمیت عوام کے سامنے پیش کرنا میری ذمہ داری ہے۔ نان ٹیکنیکل افراد اس معاملے پر ابہام پیدا نہ کریں۔ شہداءکے لواحقین کو 50 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی۔
دریں اثناء سی پی او راولپنڈی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل آصف فیاض کے گھر گئے۔ اس موقعے پر ایس ایس پی آپریشز راولپنڈی طارق ولایت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سی پی او شہید کے اہل خانہ سے ملے اور سانحے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔
سی پی او راولپنڈی نے شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، شہید کے اہل خانہ کوآئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا اور کفن دفن کے لئے رقم ورثا کے حوالے کی۔