کراچی کے علاقے کورنگی میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے چار سو سے زائد ڈکیتیاں کرنے والے دو ملزمان عبدالستار اور سلطا ن کو گرفتار کر لیا ہے۔
رینجرزترجمان کے مطابق ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ بینک سے نقد رقوم نکلوانے والے کراچی کے شہریوں کو لوٹا کرتے تھے۔ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزمان سے گرفتاری کے بعد خطرناک اسلحہ، ایک عدد موٹر سائیکل اور چوری کیا ہوا دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان گلیوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر عوام سے چھینا جھپٹی اور اسٹریٹ کرائمز میں مطلوب ہیں۔
ملزمان کو مزید تفتیش اور کارروائی کے لیے علاقہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کے خلاف تفصیلی رپورٹ مرتب کرے گی۔
ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے بارے میں فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996پر اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیئے: گوادر کے قریب بحریہ کی کارروائی، 3 کروڑ بیس لاکھ ڈالر کی منشیات برآمد۔