کراچی: شارع فیصل پر آج صبح سویرے چلتی گاڑیوں سے فائرنگ اور سیکورٹی گارڈد کے زخمی ہونے کے واقعہ کے بعد 2 گارڈ گرفتار، اسلحہ ضبط کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لڑکی کے تنازعے پر پیش آیا، ایک لڑکی گاڑی میں اپنے نئے دوست کے ساتھ شارع فیصل پر جا رہی تھی،اس لڑکی کا بوائے فرینڈ اس گاڑی کا پیچھا کرتا ہوا آرہا تھا۔
با اثر نوجوان نے گاڑی پر فائرنگ کر کے روکنے کا کہا، لگژری گاڑی میں سوار سیکورٹی گارڈز نے دوسری گاڑی پر فائرنگ کی،دوسری گاڑی پر موجود سیکورٹی گارڈز بھی فائرنگ کرتے رہے۔
واقعہ کے بعد لڑکی کار سے اتر کر فرار ہو گئی،فائرنگ میں ملوث دو سیکورٹی گارڈز کو ائیرپورٹ کے قریب سیکورٹی فورسز نے حراست میں لیا،گاڑیوں میں سوار سیکورٹی گارڈ کے 4 ہتھیار پولیس نے قبضے میں لے لیے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والی لگژری گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی نہیں، گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور کالا کیا گیا ہے، دونوں پارٹیاں قانونی کارروائی دیکھ کر صلح کرنا چاہتی ہیں۔