8 اور 9 اپریل کے درمیان دنیا کے مختلف حصوں میں مکمل طور پر سورج گرہن ہوگا جو پاکستان میں رات ہونے کے سبب دکھائی نہیں دے گا۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق سال 2024 کے پہلے سورج گرہن کا آغاز 8 اپریل کی رات کو ہوگا، تاہم اس سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا کیونکہ اس وقت پاکستان میں رات ہوگی، البتہ مغربی یورپ، جنوبی امریکا، اٹلانٹک سمیت دیگر مقامات پر سورج گرہن واضح طور پر دکھائی دے گا اور لوگ گرہن کا نظارہ کر سکیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 42 منٹ پر ہوگا، 11 بج کر 17 منٹ پر سورج گرہن عروج پر ہوگا، جبکہ سورج گرہن کا اختتام رات ایک بج کر 52 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2024 کے ستمبر میں ہونے والا چاند گرہن اور اکتوبر میں ہونے والا سورج گرہن بھی پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔