کراچی:مشہور و معروف اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے یکسانیت کے شکار، خواتین مخالف اور غیر تخلیقی کہانیوں اور مناظر پر مبنی ڈراموں کی بھرمار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ہی طرح کے کردار ادا کر کر کے تھک گئی ہیں۔اب کچھ منفرد کرنا چاہتی ہیں۔
صحیفہ جبار نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ڈراموں کی کہانیوں اور کرداروں پر شدید تنقید کی، انہوں نے کہا کہ وہ ایسے اسکرپٹ کی منتظر ہیں جو انہیں باقیوں سے منفرد لگے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اداکاری کو آرٹ سمجھتی ہیں، وہ شوبز انڈسٹری میں سخت محنت کرنے والے اداکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، لکھاریوں اور تکنیکی عملے کی خدمات اور محنت کی قدر و اعتراف کرتی ہیں مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اب ہمارے ڈرامے یکسانیت کا شکار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ہمارے ڈراموں میں ایک طرح کی ہی کہانیاں پیش کی جا رہی ہیں اور ملتے جلتے خواتین کو کم تر یا کمزور دکھانے کے کردار تخلیق کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ خواتین کو ہی ہر مرتبہ مسائل کا شکار دکھایا جاتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں مجبور ہوکر یہ لکھنا پڑ رہا ہے کہ وہ یکسانیت کے شکار اور تخلیقی صلاحیت سے خالی ڈراموں میں اداکاری نہیں کریں گی۔اداکارہ نے لکھا کہ ایسا نہیں ہے کہ انہیں کرداروں کی پیش کش نہیں ہو رہی بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ اب ان کے پاس اچھے اسکرپٹ نہیں آ رہے۔
صحیفہ جبار نے لکھا کہ اب وہ خواتین مخالف کرداروں پر مبنی ڈراموں میں کام نہیں کر سکتیں اور نہ ہی وہ ڈراموں میں خواتین کو مرد حضرات کی طرح پیش کرکے اسے عورتوں کی خودمختاری سمجھتی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی اسٹوریز میں ڈراما پروڈیوسرز و ہدایت کاروں کو اپیل بھی کی کہ اگر ان کے پاس شاندار ڈائیلاگز اور اچھوتے خیالوں پر مبنی جاندار کرداروں کے ڈرامے ہوں تو انہیں اسکرپٹ ضرور بھیجیں۔
مزید پڑھیں: عائزہ خان کا دپیکا پڈوکون کے انداز میں فوٹو شوٹ، شائقین کی بھرپور پذیرائی