راولپنڈی:سیکورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
تر جمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کوخفیہ اطلاع پر اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور انہیں افغانستان سے فنڈز اور رہنمائی مل رہی تھی۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں نے راولپنڈی میں دہشت گردی کے 4 واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، اس کے علاوہ دہشت گردوں نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی بھی منصوبہ بنارکھی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں دستی بم حملہ بھی ہوا تھا جس میں 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔دہشت گردی کے خطرات کے پیش شہر اقتدار میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔