میکسیکوسٹی:شمالی میکسیکو میں تین نرسیں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں اور تینوں ہی کی گردنوں پر گلا گھونٹے جانے کے نشانات موجود تھے۔تینوں نرسیں آپس میں بہنیں تھیں۔
تہرے قتل کی یہ مبینہ واردات کورونا وائرس کی وبا کے دوران طبی کارکنوں پر حملوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کررہے ہیں۔لیکن ابھی تک اس کے پیچھے کارفرما عوامل واضح نہیں ہیں۔
میکسیکو سٹی میں حالیہ چند ہفتوں میں طبی شعبے سے منسلک افراد کو وائرس سے خوف زدہ عوام کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ریاستی اٹارنی جنرل گیرارڈو مارکیز نے کہا کہ دو سے تین مجرمان اس میں ملوث ہو سکتے ہیں لیکن ابھی تک کوئی گرفتاریاں نہیں ہوئی ہیں۔ یہ بھی ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ان کی ہلاکت کب ہوئی۔
دوسری جانب میکسیکو کی وزارتِ صحت کا اندازہ ہے کہ جنوبی امریکہ کی دوسری بڑی معیشت میں وائرس اس ہفتے اپنے عروج پر پہنچ جائے گا۔حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
میکسیکو میں اب تک 31 ہزار 522 افراد کورونا وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔ جبکہ 3160افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین اور ہلاک شدگان کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔