کراچی: سمندری طوفان بپر جوائے کا خطرہ ہونے کے باوجود شہر قائد کی شاہراہوں سے بل بورڈز تاحال نہ ہٹائے جاسکے، جبکہ انتظامیہ کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شارعِ فیصل، کورنگی روڈ، یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر بل بورڈ اب بھی نصب ہیں۔جبکہ طوفان کے سبب یہ کسی بھی بڑے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز شہر بھر میں بل بورڈ ہٹانے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ متوقع طوفان کے باعث طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کسی بھی قسم کے حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔
دوسری جانب کراچی میں سمندری طوفان بپر جوائے کے پیشِ نظر سی ویو کا روڈ مقامی ریسٹورنٹ سے خیابانِ اتحاد تک بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو خیابانِ مجاہد سے سروس روڈ کی جانب بھیجا جا رہا ہے، خیابانِ اتحاد سے آنے والا ٹریفک واپس اور خیابانِ صبا کی جانب روانہ کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور بارشوں سے تباہی، 29افراد جاں بحق
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق یہ سڑک طوفان کے پیشِ نظر بند کی گئی ہے، ساحل پر جانے پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے سمندر کی جانب جانے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔