لوئر کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کے ساتھ سہولت کار بھی ملوث ہیں جن کی تعداد 5 ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری اور قانونی کارروائی جی جائے گی۔
اس حوالے سے کوہاٹ میں آج اتوار کو اہم سیکورٹی اجلاس منعقد ہوگا، جس کی صدارت آئی جی خیبرپختونخوا کریں گے، آر پی او اور ڈی پی او بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
دیرینہ دشمنی پر اندھا دھند فائرنگ، 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری بھی آج کوہاٹ کا دورہ کریں گے، اہلیان علاقہ اور جرگہ مشران سے بھی ملزمان کی گرفتاری میں مدد لی جائے گی۔
اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا، امن دشمنوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں اور علاقے میں پائیدار امن کے لئے انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے سختی سے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ہفتے کو خیبرپختونخوا حکومت نے بگن واقعے کو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔