ایم بی اے پاس نوجوان نے نوکری کا خیال چھوڑ کر دال چاول کا کاروبار شروع کردیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ایم بی اے پاس نوجوان بے روزگاری کے سبب دال چاول فروخت کرنے پر مجبور
ایم بی اے پاس نوجوان بے روزگاری کے سبب دال چاول فروخت کرنے پر مجبور

لاہور میں بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز (ایم بی اے) کرنے کے بعد نوجوان نے نوکری کا خیال چھوڑ کر دال چاول کا کاروبار شروع کر لیا ہے۔

زندہ دلوں کے شہر لاہور کے رہائشی نوجوان ارسلان نے ایم بی اے کرنے کے بعد کسی ملٹی نیشنل کمپنی میں یا بیرونِ ملک کوئی نوکری کرنے کی بجائے اپنے کاروبار کو ترجیح دی اور دال چاول کا بزنس شروع کیا۔ 

داتا کی نگری لاہور میں ارسلان کے مشہور برانڈ کا نام مٹکا دال چاول رکھا گیا ہے۔ ارسلان کچھ ہی روز میں لاہور میں مٹکا دال چاول کے بزنس کیلئے شہرت بھی حاصل کرچکے ہیں۔ 

ایم ایم نیوز ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ارسلان نے کہا کہ ایم بی اے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے کاروبار کے بارے میں تعلیم حاصل کی ہے۔ 6 سال کے عرصے میں اس دوران 60 مضامین پڑھائے جاتے ہیں اور 40 سے 50 پراجیکٹس بھی ہوتے ہیں۔ 

گفتگو کے دوران ارسلان نے کہا کہ ایم بی اے میں ہم کاروبار کے ہر پہلو کو تفصیل سے دیکھتے ہیں، اتنی تفصیلی پڑھائی کے بعد کسی اور کو بزنس کرکے دینا میرے خیال میں بے وقوفی ہے۔ آپ نے جس چیز کو اپنی جوانی دے دی، اسے اپنی زندگی میں خود نافذ کرنا چاہئے۔ 

ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے ارسلان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 90 فیصد برکت کاروبار میں رکھی ہے۔ ہم اللہ کے فرمان کو چھوڑ کر 10 فیصد کی طرف کیوں جائیں؟ جبکہ دال چاول کی ریسیپی میں ہم کوئی ایسی خاص چیز نہیں ڈالتے جیسا کہ عموماً دعویٰ کیا جاتا ہے، دال چاول میں وہی چیزیں استعمال ہوتی ہیں جو میں گھر پر پسند کرتا ہوں۔

اپنے کاروبار کی خاص بات بتاتے ہوئے ارسلان نے کہا کہ ہمارے ہاں دال چاول کھانا بالکل ایسا ہے جیسے آپ اپنے گھر کا کھانا کھا رہے ہوں۔ لوگ باہر کا کھانا کھا کھا کر عاجز آچکے ہیں کیونکہ تیز مصالحہ جات استعمال ہوتے ہیں اور صفائی ستھرائی کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ ہمارے دال چاول میں گھر کا ذائقہ اور معیار ملتا ہے۔

ارسلان نے کہا کہ جس معیار کی دال، چاول، مصالحہ جات اور دیگر لوازمات میرے گھر میں استعمال ہوتے ہیں، وہی میں یہاں استعمال کرتا ہوں۔ کھانے کی ریسپی بھی میں نے اپنی والدہ سے حاصل کی ہے۔ لوگ ہماری بنائی ہوئی چٹنی کو خاصی اہمیت دیتے ہیں۔

بعد ازاں ایم ایم نیوز کو مٹکا دال چاول کھانے والے لوگوں نے بھی آگاہ کیا کہ ارسلان کے مٹکا دال چاول کھانے کا اپنا مزہ ہے۔ لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ دال چاول سستے داموں فروخت کیے جاتے ہیں۔ عوام کا کہنا تھا کہ مٹی کے برتن استعمال کیے جاتے ہیں جن میں شفا ہوتی ہے کیونکہ مٹی کے برتن میں کھانا سنتِ نبوی ﷺ ہے۔

Related Posts