اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے عدلیہ کے نظام میں خامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت تیسری دنیا کے تمام ممالک کو انصاف کے جدید رجحانات اپنانے چاہئیں جو ترقی یافتہ ممالک میں رائج ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سی این این کی ایک خبر پر ردِ عمل دیا جس کے مطابق موبائل کمپنی ایپل پر 50 کروڑ ڈالر جرمانہ لگایا گیا ہے۔
خبر کے مطابق ایپل کو اپنے صارفین کو نئے فون خریدنے پر مجبور کرنے کے لیے اپنے فونز جان بوجھ کر سست کرنے کے الزام پر یہ سزا دی گئی جس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ردِ عمل دیا۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا نظام صارفین کو کس طرح تحفظ فراہم کرتا ہے، یہ اس خبر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے عدلیہ عوام کے حقوق کو محفوظ بناتی ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ تیسری دنیا کے ممالک کو عدلیہ کے جدید رجحانات سے سیکھنا ہوگا تاکہ وسیع پیمانے پر عوام کے مفادات کی حفاظت کرتے ہوئے حقوق کی خلاف ورزیوں کا انسداد ممکن بنایا جائے۔
This is how Judicial system protects consumers and safeguard their rights, Civil Judges in Pak and third world needs to learn from modern judicial trends and must protect rights of the people at large against such violations https://t.co/8M1KeVIX2f
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 3, 2020