وقت آگیا ہے کہ اب عمران خان کو گھبراناپڑے گا ، بلاول بھٹو

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ہمارے انٹرویو تک سنسر ہوتے ہیں، یہ انتقام میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں، بلاول بھٹو
ہمارے انٹرویو تک سنسر ہوتے ہیں، یہ انتقام میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں، بلاول بھٹو

کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، یہ ملک آپ کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، عوام تو نہیں گھبرا رہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عمران خان کو گھبرانا اور گھر جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ساری جمہوری جماعتیں مل کر اس نااہل حکومت کو ختم کریں گی اور عوامی حکومت لائیں گے، پارلیمنٹ ایک ربڑ اسٹمپ بن گئی ہے اور عوام کے لیے آواز نہیں اٹھا سکتی، ہمارے انٹرویو تک سنسر ہوتے ہیں، یہ انتقام میں اتنے اندھے ہوگئے کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم پر غداری کا مقدمہ درج کرادیا۔

اے پی سی میں عدم اعتماد کی تحریک اور استعفے سمیت دونوں آپشن موجود ہیں، ہم سب جیل جانے کو بھی تیار ہیں، الزامات کا سامنا کریں گے اس طرح کی کٹھ پتلی اقدامات سے نہ ماضی میں ڈرے ہیں اور آج بھی نہیں ڈریں گے۔

وفاق نے سندھ پر حملہ کیا اور آرڈیننس کے ذریعے جزیروں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، اس قسم کی بچکانہ حرکت سے کتنا نقصان ہوگا اس کا اندازہ نہیں، اس آرڈیننس کو فوری واپس لیا جائے، نااہل نالائق سلیکٹڈ کی وجہ سے عوام بھگت رہے ہیں۔

ملک خارجی پالیسی اور معاشی پالیسی میں ناکام ہوگیا، سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اور سلیکٹڈ کے سہولت کاروں کے خلاف احتجاجی مہم شروع ہو رہی ہے،کراچی میں پی ڈی ایم کا جلسہ کریں گے،پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے اس حکومت کے خلاف آواز اٹھائی ہے، عوام کو اس حکومت نے دیوار سے لگا دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلاول ہاس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ،صوبائی وزیرسعید غنی، ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب اوروقارمہدی بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک ہر فورم پر اس لیے ناکام ہورہا ہے کیونکہ ایک نالائق، ناکام، سلیکٹڈ حکمران اس عہدے پر بیٹھا ہے جو کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ساری جمہوری جماعتیں مل کر اس نااہل حکومت کو ختم کریں گی اور عوامی حکومت لائیں گے، اب حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، پارلیمنٹ ایک ربڑ اسٹمپ بن گئی ہے اور عوام کے لیے آواز نہیں اٹھا سکتی،اسپیکر اسمبلی نے حکومت کے کہنے پر آمرانہ طریقہ کار اپنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جو حالیہ حملہ سندھ حکومت پر کیا ہے، ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کوئی پاکستانی اسے برداشت نہیں کرسکتا کہ ایک صدارتی آڈیننس کے ذریعے سندھ یا بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش پرخاموش نہیں رہ سکتے۔

ہم اس آرڈیننس کو مسترد کرتے ہیں آج کچھ جزائر پر قبضہ کر رہے ہیں کل آپ عمر کوٹ اور بدین پر قبضہ کرلیں گے،اس قسم کی بچکانہ حرکت سے کتنا نقصان ہوگا اس کا اندازہ نہیں،جزیروں پر ماہی گیر رہتے ہیں،ماہی گیر وفاقی حکومت سے سخت ناراض ہیں،وفاقی حکومت کو فشنگ پالیسی بھی تبدیل کرنا پڑے گی۔

عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اندازہ نہیں تھا یہ حکومت اس طرح کی حرکت کرسکتی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس غیر آئینی آرڈیننس کو فوری واپس لیا جائے میں ان سے نہیں ملوں گا یہ اپنا آرڈیننس واپس لیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک کرکٹر کو جب وزیراعظم بناتے ہیں تو آپ کو سمجھ نہیں آتا کہ اس قسم کی بچکانہ حرکتوں سے وفاقی نظام کو کیا نقصان ہوسکتا ہے۔

پورے صوبے نے ایک آواز ہوکر اس قدم کی مذمت کی ہے، حکومت اپنی غلطی مانے اور آرڈیننس واپس لے، ہم کسی بھی صورت میں اپنی زمین کے ایک بھی ٹکڑے پر بھی غیرآئینی طریقے سے قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

Related Posts