اسلام آباد: عید قربان قریب آتے ہی چوروں اور ڈکیتوں نے کمر کس لی، کراچی کمپنی کے علاقے میں قائم پنجاب کیش اینڈ کیری ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے چور 80 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم چوری کرکے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان باآسانی تالے توڑ کر پنجاب کیش اینڈ کیری ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں داخل ہوئے اور واردات کرکے فرار ہو گئے۔ کراچی کمپنی پولیس نے چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر میں درج کرائی گئی تفصیلات کے مطابق چور کیش کاؤنٹر سے 80 لاکھ 44 ہزار روپے ، 6 چیک 50 لاکھ اور 2 چیک 52 لاکھ کے لے کر فرار ہوئے ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دینے والے تمام ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہروں پر ماسک پہنچ رکھے تھے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور بے فکری سے اپنا کام سر انجام دے رہے ہیں۔
چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی عام سی بات ہوگئی ہے جس کی وجہ پولیس کی بری کارکردگی ہے۔ پولیس کو چاہئے کہ ایسے تہواروں پر جہاں لوگ اپنی خوشیوں کے لئے خریداری میں مصروف ہوتے ہیں وہاں پولیس اور انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی بجٹ 22-2021، ایف پی سی سی آئی نے سپریم کورٹ سے نو ٹس لینے کا مطالبہ کر دیا