اسلام آباد: ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ عاشور کے موقعے پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، آپ کے 72جانثاروں اور اہلِ بیت کا یومِ شہادت مذہبی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی اپنے رفقاء کے ہمراہ شہادت کی یاد میں یومِ عاشور منایا جارہا ہے۔ اس دوران ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے جلوس اور تعزئیے برآمد ہورہے ہیں۔
یومِ عاشور، صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات جاری
علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم قربانی اور اسلام کا فکر و فلسفہ بیان کریں گے۔ عزاداران کے جلسے جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
شہر شہر شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس برآمد ہوں گے۔ لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوچکا ہے جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
کراچی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہورہا ہے۔ شہر شہر مختلف مجالس میں امام حسین اور آپ رضی اللہ عنہ کے رفقا اور اہلِ بیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
جلوسوں کے اختتام پر شامِ غریباں بپا کی جائے گی۔ 10 محرم الحرام کی شام کو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور 72 جانثاروں کو شہید کردیا گیا اور اس شہادت نے اسلام کو رہتی دنیا تک کیلئے امر کردیا۔