کراچی: کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے روزگار کی بندش سے متاثرہونے والے گھرانوں میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب راشن اور افطار بکس کی بلاتفریق فراہمی انتہائی قابل ستائش اقدام ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور روزگار کی بندش کی وجہ سے عوام شدید معاشی دشواریوں میں مبتلا ہیں۔
مگر اس کٹھن وقت میں خدمت خلق فاؤنڈیشن ضرورت مند گھرانوں میں راشن اور افطار پہنچانے کیلئے سب سے پہلے میدان عمل میں موجود ہے،بڑی خوشی کی بات ہے کہ مخیر حضرات اور دیگر فلاحی ادارے بھی عوام کی بھرپور مدد کررہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت سندھ صرف دعوؤں تک ہی محدود رہی، چیئرمین بلدیہ غربی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے خصوصاً سفید پوش طبقہ بہت زیادہ متاثر ہواہے۔
چیئرمین بلدیہ غربی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ متوسط طبقہ کی جماعت ہے اور ہمارے کارکن ہر گلی و محلہ میں موجود ہیں اس لئے سفید پوش گھرانوں تک راشن و افطار کی فراہمی کا عمل احسن طریقہ سے انجام دیا جارہا ہے۔
تمام علاقوں میں اینٹی کورونا اسپرے اور صفائی ستھرائی کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کٹھن حالات میں متحدہ قومی موومنٹ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
مزید پڑھیں: سندھ میں ایک روز کے دوران 1080سامنے آگئے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ