پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے جامع مسجد فاطمہ میٹروول سے ملحقہ روڈ کو پختہ کرکے نامور عالم دین مولانا مفتی محمد مظفر الدین کے نام سے موسوم کر دیا۔
جامع مسجد فاطمہ میٹروول کے ساتھ والے روڈ کی پختگی، استرکاری اور تعمیر نو کا کام وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ویسٹ کے جنرل سیکرٹری علی احمد جان کی کوششوں سے عمل میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں:
طالبان کی تعلیم چاہیے، نہ ان کی حکومت، افغان خواتین کے مظاہرے
افتتاحی تقریب میں علاقے کی ممتاز دینی شخصیت اور جامع مسجد فاطمہ کے خطیب مولانا ڈاکٹر قاسم محمود، نو منتخب یو سی چیئرمین رانا الیاس، وائس چیئرمین علی اکبر جان، پیپلز پارٹی کے جیالوں اور جامع مسجد فاطمہ کے نمازیوں سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کےرھنما موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے روڈ کی توسیع، پختگی اور ممتاز عالم دین مولانا مفتی محمد مظفر الدین سے منسوب کرنے پر صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ سندھ، پاکستان پییپلز پارٹی کی قیادت اور علی احمد جان و دیگر کا شکریہ ادا کیا۔
مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے کہا کہ مولانا مفتی مظفر الدین اپنے وقت کے بڑے اللہ والے اور حق گو عالم دین تھے۔ انہوں نے میٹروول کی آبادی کی رونق بڑھائی اور یہاں کے ماحول کو دین سے ہم آہنگ کرنے میں عظیم کردار ادا کیا۔ مفتی مظفر الدین نے جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کراچی جیسے بڑے دینی ادارے قائم کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے روڈ کو ایک عالم دین کی خدمات و کردار کے اعتراف میں ان کی طرف منسوب کرکے دین دوستی کا ثبوت دیا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا مفتی مظفر الدین جامع مسجد فاطمہ اور عیدگاہ کے بانی تھے۔ انہوں نے ساری زندگی علاقہ کے عوام کی دینی و سماجی فلاح کیلئے بے لوث خدمات انجام دیں۔