کراچی: سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اسکاؤٹس کی خدمات کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، میں بھی بچپن میں اسکاؤٹ کی یونیفارم پہن کر فخر محسوس کیا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس کا نظم و ضبط دیکھ کر بڑی خوشی محسوس ہوئی۔ پاکستان کی جتنی طویل تاریخ ہے اتنی ہی اسکاؤٹنگ کی بھی طویل تاریخ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آٹھویں سندھ اسکاؤٹس کیمپوری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف و سابق چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن، جسٹس (ر) حسن فیروز، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی، صوبائی خازان محمد حسین مرزا، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر اور دیگر موجود تھے۔
سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں کوئی ناگہانی مصیبت یا وبا ء آئی تو ایسے میں اسکاؤٹس نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور بلا رنگ و نسل خدمات انجام دیں۔ جس کی واضح مثال کورونا کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانوں کو بچانے کی خدمات ہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے چیف پیٹرن محمد صدیق میمن نے کہا کہ آٹھویں سندھ اسکاؤٹس کیمپوری میں سندھ کے 21اضلاع کے علاوہ اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بڑاسی، اسلام آباد، پی آئی اے اور ریلوے کے اسکاؤٹس شریک ہیں۔
جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تحریک سندھ بھر میں فروغ پارہی اور یہ آٹھویں کیمپوری ہے ساتویں کیمپوری 2004ء میں لاڑکانہ میں منعقد ہوئی تھی۔ اس سندھ اسکاؤٹس کیمپوری میں اسکاؤٹس کیلئے منفرد سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن کے ذریعہ ان کی ذہنی، جسمانی، سماجی اور روحانی تربیت ہوتی ہے۔
جسٹس (ر) حسن فیرو ز نے مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا، جبکہ محمد صدیق میمن نے مہمان خصوصی سید ناصر حسین شاہ کو سندھ کی روایتی اجرک پیش کی۔
مزید پڑھیں: ٹی ایل پی اور جے یو آئی اوپر آئیں تو پاکستان نیچے جائے گا، فوادچوہدری