لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر کے مزدوروں کی کم ازکم اجرت 20 ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کیا ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محنت کش کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے۔ حکومت نے 3 برس میں ورکرز کی کم ازکم اجرت میں 5 ہزار کا اضافہ کیا ہے۔ سابق دور میں ورکرز کی فلاح و بہبود پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے محنت کشوں کو ریلیف دینے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا تھا۔ سابق حکمرانوں نے 5 سالہ دور میں ورکرز کی کم از کم اجرت میں صرف 3 ہزار کا اضافہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل سیکیورٹی انسپکشن 20 فیصد تک محدود کی گئی ہے، ورکرز کیلئے میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر 2لاکھ، ڈیتھ گرانٹ5 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ کردی ہے، محنت کشوں کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کا آن لائن شفاف نظام متعارف کرادیا ہے۔ سوشل سیکیورٹی اسپتالوں میں عوام کیلئے مفت ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سوشل سیکیورٹی اور ٹیلنٹ اسکالر شپ درخواستیں گھر بیٹھے دائر کی جاسکتی ہیں۔ ننکانہ اورملتان کی لیبرکالونیوں میں محنت کشوں کوفلیٹس الاٹ کردیئے ہیں، لیبر ہاؤسنگ کالونی ملتان میں 992 فلیٹس کی شفاف الاٹمنٹ کی گئی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت ورکرز کی کم ازکم اجرت میں آئندہ بھی اضافہ کرے گی، فرسودہ نظام ختم کرکے آن لائن لیبر انسپکشن کا نفاذ کیا گیا ہے۔ سوشل سیکیورٹی کنٹری بیوشن کی شفاف اور باسہولت ادائیگی کیلئے سیلف اسسمنٹ اسکیم کا اجرا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مسلمان اعتکاف نہیں کرسکتے، حکومت پاکستان کا اعتکاف پر بھی پابندی کا اعلان