بھارت کے خلاف پوری دنیا میں مقدمے درج کرائیں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: آزاد کشمیر و مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے ایک بار پھر الحاق پاکستان کے عزم کی تجدید کردی،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی طرف سے دنیا بھر میں بھارت کے خلاف مقدمے درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان بھی اس رفتار سے لگی رہی تو اگلے ساٹھ سال بھی کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے دوٹوک کہا کہ کشمیری الحاق پاکستان کے وعدے پر آج بھی قائم ہیں بھارت کے خلاف پوری دنیا میں مقدمے درج کرائیں گے مگر حکومت پاکستان بھی روش بدلے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ پاکستان کشمیر کی آزادی کا ذمہ دار ہے،کشمیریوں نے آپ سے الحاق کیا ہے اور پاکستان سے توقع رکھتے ہیں،کشمیر پالیسی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،تمام سٹیک ہولڈر کے ساتھ بیٹھ کر پالیسی کا تعین کیا جائے،ہمیں انسانی حقوق کی تنظیموں انٹرنیشنل میڈیا کے پاس جانا پڑے گا تاکہ رائے عامہ کو ہموار کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ امید ہے کشمیر پالیسی پروزارت خارجہ اور ذمہ دار صورتحال کو سمجھیں گے،کشمیر پر پرانی پالیسی سے کچھ نہیں ہونے والا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے کشمیر کمیٹی میں بھی کہا کہ کشمیری آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں،دنیا بھر میں بھارت کے خلاف مقدمات درج کروائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ جنوری 1947 کے الیکشن میں مسلم کانفرنس نے اسمبلی کی 21 میں سے 19 نشستیں جیتیں،کشمیریوں نے اپنا حق ادا کردیا اب پاکستان کی ریاست کی زمہ داری ہے،ہم نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرلیا،حکومت پاکستان کے موجودہ پالیسی سے میرا اتفاق نہیں ہے،موجودہ پالیسی کے ساتھ ساٹھ سال بھی لگے رہیں کچھ نہیں ہوگا۔

ہم نے اپنی تجاویز حکومت پاکستان کو بھیج دی ہیں،کشمیریوں کو پالیسی میں شامل کیا جائے،ہمیں عالمی میڈیا کے پاس جانا پڑے گا تاکہ وہ رائے عامہ کو ہموار کرسکے،مجھے امید ہے وزارت خارجہ اور دیگر ذمہ دار اس معاملے کو دیکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ میری والدہ کا تعلق سرینگر سے ہے،میں ایک مرتبہ آزاد شہری کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر جانا چاہتا ہوں،مقصد کے حصول کیلئے تمام کشمیری ایک ہیں۔سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ کشمیریوں نے الحاق پاکستان اور تکمیل پاکستان کے لئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کردی اب پاکستان بھی عملا ًکچھ کرے۔