کراچی:گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج صوبہ کے لوگ بلا تفریق، رنگ و نسل، سیاسی،جماعتی اور گروہی اختلاف کے بغیر دھرتی ماں کی ثقافت کے دن کو ایک ہوکر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی یہ منظر اور سماں ہر وقت قائم و دائم رکھے تاکہ ہم سب مل کر اپنی دھرتی ماں کی خوب سے خوب تر آبیاری کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پروگرام میں سندھ کی تہذیب و تمدن، ثقافت اجرک، ٹوپی اور دیگر ثقافتی اشیاکے حوالہ سے شرکاکو تفصیل سے بتایا گیا۔ پروگرام میں اراکین سندھ اسمبلی، عمائدین شہر اور اعلی حکام بھی شریک تھے۔اس موقع پر معروف لوک فنکاروں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی اور دیگر صوفیائے کرام کے کلام سے شرکاکو محظوظ کیا۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ سندھ دھرتی پر ہم نے جنم لیا اور ہماری قبریں بھی اس دھرتی ماں کی کوکھ میں ہوں گی،ہمارے ذاتی، سیاسی اختلاف ہو سکتے ہیں لیکن سندھ دھرتی پر ہم سب ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے یہی ہمارا وژن اور اپنی دھرتی سے محبت کا عکاس بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے بیٹے ہیں اور صوبہ کی ترقی کے لئے اپنی ہر ممکن صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے تاکہ صوبہ کے باسیوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر خیبر تک سندھ دھرتی سے پیار کرنے والوں کا ہجوم ہی ہجوم نظر آرہا ہے ہر ایک اپنے اپنے پلیٹ فارم پر اپنی دھرتی ماں سے محبت کا بڑھ چڑھ کر اظہار کررہا ہے جو کہ خوش آئند اور قابل فخر جذبہ بھی ہے اسی وژن کے ساتھ ہمیں اس دھرتی کے باسیوں کا معیار زندگی بدلنے اور انھیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنے اپنے حصہ کا کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت صوبہ آنے والوں کو جس جذبہ سے سندھ کے لوگوں نے گلے لگایا وہ ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں،آج سندھ میں رہنے والا ہر فرد سندھی ہے۔
سندھ کو توڑنے اور عوام میں تفرقہ پھیلانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ہے سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، سندھ کا ہر باسی سندھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی سندھ دھرتی کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں۔