صدر اور وزیراعظم کا معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہارِ افسوس

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین اسماعیل تارا کے اِنتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اداکار کامیڈی میں منفرد مقام رکھتے تھے جنہوں نے ملک میں کامیڈی کو بطورِ فن مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسماعیل تارا کی اداکاری نے پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور خاص طور پر پی ٹی وی کے پروگرام ففٹی ففٹی میں اسماعیل تارا کی اداکاری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

دوسری جانب صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی مرحوم کی اداکاری اور مزاح کے شعبے میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی مغفرت کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں:

اسٹیج اور ٹی وی کا بڑا نام معروف اداکار اسماعیل تارا انتقال کرگئے

انہوں نے کہا کہ اسماعیل تارا ایک اچھے اداکار اور کامیڈین تھے جنہوں نے اپنی اداکاری سے مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیریں۔

صدر مملکت نے غمزدہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر شازیہ عطا مری اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے اسماعیل تارا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ اسماعیل تارا کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ جمعہ پہاڑی مسجد شہید ملت روڈ میں ادا کی جائے گی۔