کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ر واں ہفتے کے چوتھے کاروباری دن (جمعرات) اُتار چڑھاؤ کے بعد 111.86 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی۔ پورے دن کے دوران اتار چڑھاؤں دیکھنے کو ملا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز میں تیزی دیکھنے کو ملی، پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 270 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ تاہم تیزی کا یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا اور اگلے ہی گھنٹے میں تیزی میں جانے والے انڈیکس کو بریک لگ گئی۔
حصص مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس ایک موقع پر 33996.92 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا، اسی دوران انڈیکس میں 33686.99 پوائنٹس کی نچلی سطح بھی ریکارڈ کی گئی۔
پورے کاروباری کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 111.86 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 33804.90 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ تیزی کے باعث انڈیکس میں دو حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 33700 اور 33800 کی حدیں شامل ہیں۔
آج کے دن ٹریڈنگ کے دوران کاروبار میں 0.33 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 80 لاکھ 14 ہزار 330 شیئرز کا لین دین ہوا۔ زیادہ تر سرمایہ کاروں نے شیئرز خریدنے میں دلچسپی لی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ آئندہ چند روز کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنا ہے جس میں ممکنہ طور پر شرح سود میں مزید کمی کی اطلاعات ہیں جس کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔