اسلام آباد: ہفتہ وار بنیادوں پر پیاز، آلو، ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی کی مجموعی شرح 30 اعشاریہ 82 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی شرح 30.82 فیصد تک پہنچ گئی۔
ایک ہفتے میں 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 5 کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
کراچی کے شہری بدترین گیس بحران کیلئے تیار ہوجائیں، 12 تا 27 اگست گیس کی شدید قلت ہوگی
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے پسی ہوئی مرچ کا 200 گرام پیکٹ 13 روپے، 390 گرام کا پیکٹ والا دودھ 28 روپے، دال ماش 15 روپے، دال مونگ 3 روپے، دال مسور 2 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 10 روپے، چینی فی کلو 3 روپے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے اضافہ ہوا، انڈے فی درجن 5 روپے مہنگے ہوئے جبکہ پیاز، آلو، ٹماٹر، کیلے، کھلا دودھ، گڑ، چھوٹا اور بڑا گوشت بھی مہنگا ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
ایک ہفتے کے دوران گھی کی قیمت میں 9 روپے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 38 روپے سستا ہوا، برینڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستی ہونےوالی اشیا میں شامل ہیں۔