کراچی:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صوبائی رہنماؤں نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والا جلسہ اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ اس ملک کا سب سے بڑا کرونا عمران کرونا ہے اور جب تک یہ اس ملک میں ہے اس ملک سے کرونا کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔
پی ڈی ایم کے جلسوں اور ریلیوں کے اعلان کے بعد حکومتی ایوانوں میں زلزلہ آنے شروع ہوگئے ہیں اور شبلی گل اور گل شبلی بن گئے ہیں۔ عمران نیازی کے اب جانے کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے اور اسی لئے وہ اور ان کے وزراء پاگل ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے ہفتہ کے روز کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
پریس کانفرنس سے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی، مسلم لیگ نون سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ، جمعیت علماء اسلام (ف) کے اسلم غوری، عوامی نیشنل پارٹی کے اورنگ زیب خان بونیر، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے نذیر جان، نیشنل پارٹی کے عبداللہ جان، جمعیت علماء پاکستان کے مفتی محمد غوث صابری سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
قبل ازیں پی ڈی ایم کے صوبائی رہنماؤں کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں 18 اکتوبر کو کراچی میں مزار قائد سے متصل جناح گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی کی میزبانی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ عام کے حوالے اور اس کی تیاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعید غنی نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان تشریف لائی تو اس وقت کارساز کے مقام پر دہشتگردی کی گئی، جس میں ہمارے 166 سے زائد کارکنان شہید اور سینکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوئے تھے اور ہم ہر سال ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جلسہ کرتے ہیں اور اس سال بھی یہ جلسہ کررہے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت نے نہ صرف اس جلسہ میں شرکت کا اعلان کیا بلکہ اسے مرکزی جلسہ بھی قرار دیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک گیر سطح پر موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹیڈ حکومت کے خلاف اپنی احتجاجی مہم کا آغاز کردیا ہے اور 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جبکہ 18 اکتوبر کو کراچی میں بھرپور احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا جلسہ موجودہ نالائق اور نااہل حکمرانوں کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کے حوالے سے تمام پارٹیوں کی مشاورت سے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، ان میں ایک مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی، میڈیا کمیٹی، سیکورٹی کمیٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور ان کمیٹیوں میں تمام جماعتوں کے ممبران کو شامل کیا گیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، آٹا، گندم، چینی، بجلی، گیس، ادویات ان تمام کی قیمتوں میں اضافہ اور ان کے بحران کا اصل سبب صرف اور صرف موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹیڈ حکومت ہے، سعید غنی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دو سال میں سرکولز ڈیتھ 2.4 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
ان نالائقوں اور نااہل حکمرانوں نے صرف 2 سال کے دوران 12ہزار ارب روپے کے قرضے لے کر اس ملک کے عوام کو قرضوں کے بوجھ تلے روند ڈالا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوئی ایک بھی ایسا طبقہ نہیں جس کو کسی قسم کا کوئی ریلیف مل رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس نالائق اور منحوس حکومت میں میڈیا، ججز، صنعتکار، تاجر، مزدور حتیٰ کہ کوئی بھی مطمئن نہیں ہے۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اس حکومت کے بعد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور گھروں اور نوکریوں کے دعویدار نالائقوں نے اس ملک کے لاکھوں لوگوں کو بے گھر اور بے روزگار کردیا ہے۔