وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آتے ہی قرض گیری کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، دوست ملکوں سے قرض لےکر رول اوور کرانےکا فارمولا اب نہیں چلےگا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی اور شرحِ سود میں جلد کمی کی توقع ظاہر کی اور اخراجات میں کمی کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، دوست ملکوں سے قرض لے کر رول اوور کرانے کا فارمولا اب نہیں چلےگا، دوست ملکوں نے کہہ دیا ہے کہ مدد کرنا چاہتے ہیں، مگر امداد کی صورت نہیں، سرمایہ کاری کے ذریعے کریں گے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی پرائیوٹ سیکٹر میں لے جائیں گے۔
وزیر خزانہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریونیو لیکیج روکنے کے لیے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیر خزانہ نیدر لینڈز کی شہریت رکھتے ہیں اور وہ تاحال پارلیمنٹ کے ممبر بھی نہیں بنے ہیں۔