کراچی: کلفٹن میں گذشتہ روز شاپنگ مال کے قریب بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، واقعے کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، جس میں بچی سے اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ بچی کے کپڑے خون آلودہ اور گیلے تھے،سوکھنے پرپولیس کے حوالے کئے گئے،بچی سے زیادتی کس مقام پر کی گئی تاحال پتہ نہیں چل سکا، بچی کی ماں کے مطابق وہ شکارپورمیں سیلاب کے باعث کراچی آئی تھی اور چھ بچوں کے ہمراہ شاہ رسول کالونی میں فٹ پاتھ پررہتی ہے۔
پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ بچی دیگر بچوں کے ساتھ کلفٹن شاپنگ مال کی طرف بھیک مانگنے گئی جہاں اسے اغوا کرنے کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
ادھر ایس پی انویسٹی گیشن نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ بچی نگہت اسپتال میں زیر علاج ہے،طبیعت میں بہتری کے بعد تفصیلی بیان ریکارڈ کیاجائیگا کیونکہ متاثرہ بچی کا بیان ملزمان کی گرفتاری کیلیے انتہائی اہم ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن زاہد پروین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بچی کو ڈاکٹرز نے میڈیسن دی تھی، متاثرہ لڑکی کی جلد صحت یابی کیلیے ڈاکٹروں کی ٹیم کام کررہی ہے۔
مزید پڑھیں:سیلاب متاثرہ بچی کیساتھ اجتماعی زیادتی کا شرمناک واقعہ
دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ نے بتایا کہ اغوا اور زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی این اے سمیت دیگرنمونے جامعہ کراچی کی لیب بھجوائے گئے ہیں،رپورٹ آنے میں کم از کم 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں، رپورٹس آنے کے بعد ہی دیگرمعلومات سامنے آسکیں گی۔