دبئی: ایکسپو سٹی دبئی نئی ٹیکنالوجیز میں پیش رفت میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس نے خطے کے پہلے مصنوعی ذہانت فلم میلے (اے آئی ایف ایف)کا آغاز کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ایکسپو سٹی مصنوعی ذہانت(اے آئی)اور جدت طرازی کے مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کومضبوط کر رہا ہے۔
اس فلمی میلے میں تخلیقی کہانی سنانے اور فلم سازی کے منظر نامے کو آگے بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے گا۔
ایکسپو سٹی دبئی کی میزبانی میں ہائبرڈ اے آئی ایف ایف کے ذریعے ورچوئل زائرین کو میلے کو دور سے دیکھنے کا موقع مہیا کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے ایک مخصوص ویب سائٹ تیار کی گئی ہے۔
یہ سینما اور مصنوعی ذہانت کے امتزاج کو فروغ دینے کے لیے خطے کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، جس میں انسانی تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کے مابین باہمی تعلق کو اجاگر کیا جائے گا۔
یہ میلہ ایکسپو سٹی دبئی کو مصنوعی ذہانت کے جدت طرازی کے مرکز کے طور پر متعارف کراتا ہے۔یہ مستقبل پر توجہ مرکوز کرنے والی کمیونٹی اور بڑے آئیڈیاز پر تعاون کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہے۔
اے آئی ایف ایف تقریبا چھے ماہ کے متحرک تجربات پر محیط ہوگا، جس میں عالمی مقابلہ، جدید فلم اسکریننگ، مصنوعی ذہانت کے معروف ماہرین اور فلم سازوں پر مشتمل دلچسپ پینل مباحثے اور فلم پروڈکشن میں مصنوعی ذہانت کے انضمام کے بارے میں بصیرت فراہم کرنے والی ورکشاپس شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:مائیکرو سافٹ نے 30 سال بعد ونڈوز سے ’ورڈ پیڈ‘ ختم کرنیکا اعلان کردیا
ایکسپو سٹی دبئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق منگل سے شروع ہونے والے میلے میں دنیا بھر سے پیشہ ور اور شوقیہ فلم تخلیق کاروں کو ایک مختصر فلم پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے جس میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد شامل ہوگا۔