سانحہ جڑانوالہ سے متعلق فیصل آباد پولیس کی جانب سے بڑا دعویٰ سامنے آگیا، جس کے مطابق سانحہ کی اصل وجہ مسیحی برادری کے 2 افراد کی آپس میں ذاتی رنجش تھی۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ سانحہ جڑانوالہ 2 مسیحی افراد کی ذاتی رنجش کے باعث رونما ہوا، ملزم پرویز مسیح کو عمیرعرف راجہ اور اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
بہاولپور میں خاتون نے 5بچوں کو جنم دے دیا
ترجمان کے مطابق ملزم پرویز مسیح کی جانب سے عمیر کو قتل کرانے کی کوشش بھی کی گئی اور اس سلسلے میں اس نے ایک اجرتی قاتل کو پیسے اور موٹر سائیکل بھی فراہم کی تاہم قتل کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔
ترجمان نے بتایا کہ قتل کی کوشش میں ناکامی کے بعد ملزم پرویز نے توہین قرآن کی گھناؤئی سازش کی اور اس سازش میں اس کے ساتھ مزید دو افراد بھی شامل تھے۔
پرویزمسیح نے عمیر کے نام سے توہین آمیز خط لکھا اور بے حرمتی کی جسے دیکھ کر وہاں کے لوگ مشتعل ہوگئے اور اس کے نتیجے میں مسیحی بستی میں گھر اور چرچز نذز آتش ہوئے۔
ترجمان کے مطابق مقدمے میں ملزم پرویز مسیح اور عمیر راجہ سمیت 3 افراد زیر حراست ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 16 اگست کو جڑانوالہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں توہین مذہب کے الزامات کی پاداش میں مسیحی بستیوں میں گھر اور چرچز کو نذر آتش کیا گیا تھا۔