لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفرق درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں گر چکی ہیں ، عالمی مارکیٹ کے مطابق پٹرول کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے تھا، ملک میں قیمتیں کم نہ کرنے سے مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ استحصال اور آئین کے منافی ہے۔
مہنگائی کے نئے طوفان کا خدشہ، ملک کے مختلف شہروں سے پیٹرول غائب
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے، عدالت عالمی منڈی کے تناسب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے احکامات صادر کرے۔
گزشتہ روزوفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول 35 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔