بھارتی حزب اختلاف کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے انڈین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار وزیر اعظم نریندر مودی کو قرار دے دیا۔
راجستھان میں ایک انتخابی ریلی سے راہول گاندھی کے خطاب کے دوران کسی شخص کی جانب سے ایک لفط ’پنوتی‘ سُننے میں آیا جس کا اُردو مطلب ’ منحوس‘ ہے۔
سامعہ خان نے حسن علی کے ہمراہ تاج محل سے خوبصورت تصاویر شیئر کردیں
یہ لفظ سُنتے ہی راہول گاندھی نے طنز کرتے ہوئے فوراً کہا اچھا بھلا ہمارے لڑکے وہاں پر ورلڈ کپ جیت جاتے، پنوتی نے جاکر انہیں ہروا دیا۔
کانگریس رہنما نے مزید کہا کہ ٹی وی والے یہ بات (پنوتی) نہیں کہیں گے مگر عوام جانتے ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ وزیراعظم مودی کا مطلب پنوتی مودی ہے۔
خیال رہے وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم پہنچے تھے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخالف جماعتوں کی جانب سے ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر ’پنوتی‘ کا ٹرینڈ بھی چلایا گیا تھا۔
راہول گاندھی کے بیان پر بی جے پی تلملا اٹھی ہے، بی جے پی کے سینئر رہنما روی شنکر پرساد نے راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان میں کانگریس رہنما کی جانب سے کی گئی تقریر ’شرمناک‘ اور ’قابلِ مذمت‘ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ راہول گاندھی کو معافی مانگنی پڑے گی ورنہ ہم اس معاملہ کو بڑا بنا دیں گے۔