لاہور:صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ مثبت کیسز کی شرح میں کمی سے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے،گزشتہ ہفتے سے ہسپتالوں سے صحتیاب ہوکر گھر جانے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
حکومت کے پاس ویکسین کی 14 لاکھ خوراکیں موجود ہیں،3 ماہ میں اب اپنی ویکسین بنانے کے قابل ہوں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد ہسپتال سے ڈسچارج ہونے والے مریضوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے اور متاثرین کا گراف آہستہ آہستہ نیچے آرہا ہے۔
صوبے کے صرف 3 اضلاع ملتان، رحیم یار خان اور خانیوال میں ہی مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زائد ہے جبکہ وائرس کا گڑھ بن جانے والے شہر لاہور میں یہ شرح ڈیڑھ فیصد ہوگئی ہے۔
صوبے میں بستروں اور وینٹیلیٹرز کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائمری کیئر ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص 2 ہزار 897 بیڈز میں سے صرف 410 مریضوں کے زیر استعمال ہیں جبکہ 112 وینٹیلیٹرز میں سے صرف 9 وینٹیلیٹرز پر مریض زیر علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں سب سے زیادہ وینٹیلیٹرز ملتان میں زیر استعمال ہیں جس کی شرح 67 فیصد ہے اس کے بعد لاہور میں 38 فیصد، بہاولپور میں 32 فیصد اور راولپنڈی میں 16 فیصد وینٹیلیٹرز پر مریض موجود ہیں اور کیسز مثبت آنے کی زیادہ شرح جنوبی پنجاب کے شہروں میں سامنے آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع میں زیر استعمال بستروں کی شرح نمایاں حد تک کم ہوئی ہے اور گوجرانوالہ جہاں گزشتہ ماہ صورتحال خاصی خراب تھی وہاں یہ شرح اب 20 فیصد ہے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ ہائی ڈیپینڈینسی یونٹس میں بھی زیر استعمال بستروں کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور یہ شرح ملتان میں 54 فیصد جبکہ بقیہ صوبے میں 40 فیصد سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر ایک ہفتہ طویل لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے سے صورتحال بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان کے 6 علاقوں میں اس وقت اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اقدامات بدستور نافذ رہیں گے۔
ان اقدامات میں 8 بجے تک تمام معاشی سرگرمیوں کی بندش ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رکھنا، اِن ڈور شادیوں پر پابندی اور آٹ ڈور شادیوں میں صرف 150 مہمانوں کی شرکت، آٹ ڈور ڈائننگ اور ٹیک اوے کی اجازت، کھیلوں پر مکمل پابندی اور 50 فیصد مسافروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ شامل ہے۔