اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نالائق وزیر اعظم نے ملک کو کورونااور ٹڈی دل کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے، تحریک انصاف ملک کی بربادی کی علامت بن کر سامنے آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکارہ پالیسوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کر کے شبلی فراز عمران خان کی نالائقی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں،جو چیز پنجاب میں جائز ہے وہ سندھ میں کیسے ناجائز ہو سکتی ہے۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتی ہے،تحریک انصاف ملک کی بربادی کی علامت بن کر سامنے آگئی ہے، حکومت کی ناکارہ پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کو کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے منہ میں دھکیل دیا ہے، رپورٹس کے مطابق پاکستان میں کورونا ٹیسٹنگ کم ہونے کے ساتھ ساتھ وائرس کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔
سلیکٹیڈ حکومت تاحال کنفیوزن کا شکار ہے، فیصلوں میں کوئی اتفاق نظر نہیں آتا، ایک وزیر لاک ڈاؤن کی حمایت تو دوسرے لاک ڈاؤن کی مخالفت کا اعلان کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ظفرمرزا لاک ڈاؤن کا اشارہ دیتے ہیں اور شبلی فراز اس کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے متفقہ فیصلے نہ ہونے کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہے,حکومت عوام کی جانوں کے ساتھ کھیل کھیلنا بند کرے، بلاول بھٹو پر تنقید کرکے شبلی فراز عمران خان کی نالائقی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سلیکٹڈ حکومت کورونا وبا کا ملبہ عوام پر ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے،انسانی لاشوں پر کبھی معیشت کھڑی نہیں ہوتی،پنجاب میں تین دن تک کارو بار پر بندش لاک ڈاؤن نہیں تو اور کیا ہے؟