قاہرہ:مصر کی گورنری المنوفیہ میں ایک 19 سالہ دوشیزہ کو ایک شخص نے گولی مار کر قتل کر دیاہے۔ مقتولہ نے مبینہ طور پر اس سے منگنی سے انکارکر دیا تھا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق 29سالہ احمد فتحی عمیرہ نے المنوفیہ میں واقع گاؤں توخ تنبیشا میں امانی عبدالکریم الغذر کو اس وقت قتل کر دیا جب اس نے اور اس کے اہل خانہ نے اس کی منگنی کی تجویز مستردکردی۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ الغذرجامعہ المنوفیہ کی فیکلٹی آف فزیکل ایجوکیشن کی طالبہ تھیں۔گاؤں کے مکینوں نے بتایا کہ مشتبہ شخص مبینہ طور پراپنی منگنی کی تجویزمسترد ہونے پر مشتعل ہوگیا اور اس نے الغذر کواس کے خاندان کے گھر کے سامنے پیچھے سے گولی مار دی اور بعد میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ مقتولہ نے فتحی عمیرہ کو اس کے برے چال چلن کی وجہ سے مسترد کردیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ وہ ایک بہترین طالبہ تھیں۔
الغذر کو جان کنی کی حالت میں اسپتال لے جایا گیا اور اس کو زندہ بچانے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ پولیس کو جائے وقوعہ کے مقام پر روانہ کردیا گیا ہے اورانھیں ہدایت کی گئی کہ وہ مشتبہ شخص کو تلاش کرکے حراست میں لیں۔
مزید پڑھیں:لڑکوں سے بات کیوں کی؟ والدین کے ہاتھوں بیٹی قتل