اسلام آباد میں شوہر شاہنواز کے ہاتھوں قتل ہونے والی صحافی ایاز امیر کی بہو سارہ انعام کی نمازِجنازہ ادا کردی گئی۔
آج صبح مقتولہ کے اہلخانہ اُن کی میت لینے کیلئے پمز اسپتال پہنچے تھے جہاں پر اُن کی میت پچھلے 6 دن سے سردخانے میں موجود تھی۔
شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی سارہ انعام کی نمازِ جنازہ میں اُن کے والد، بھائی اور عزیزواقارب شریک ہیں۔ اس موقع پرسارہ انعام کے والد نے کہا کہ شاہنواز کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے میری پھول جیسے بچی مجھ سے چھین لی، اس شخص کی شروع سے حرکات مشکوک تھیں اور وہ سارہ کو لوٹنا چاہتا تھا۔
بہو کا قتل، عدالت نے صحافی ایاز امیر کو رہا کرنے کا حکم دیدیا
انہوں نے کہا کہ شاہنواز سے ایک دو دفعہ میری گفتگو ہوئی تو بہت محبت سے ہمارے سے بات کی، شاہنواز بار بار پیسے لیتا رہتا تھا لیکن سارہ ہمیں نہیں بتاتی تھی۔
واضح رہے کہ جمعہ 23 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے نہایت سفاکی سے اپنی اہلیہ سارہ کو ڈمبل کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔