کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینرعامر خان نے کہا کہ وفاق 3 سال میں مسئلے حل نہ کر سکا وہ اب 2 سال میں کیا حل کرے گا۔ بار بار یاد دہانی کراکر تھک گئے۔
انہوں نے کہا کہ اب حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ وعدے پورے نہیں ہوئے صرف جھوٹی تسلیاں ملیں۔ 25 مارچ کو ایم کیو ایم پاکستان نشتر پارک میں تاریخی جلسہ کرے گی۔
ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں عامرخان واراکین رابطہ کمیٹی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بنانے اور بچانے میں ایم کیوایم پاکستان کا کردار ہمیشہ جاری رہے گا۔
کراچی شہر کے عوام کے ساتھ ہونے والی نا انصافی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی حکومت سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے،ایم کیوایم پاکستان کے تمام مثبت اقدام کے جواب میں سامنے سے موثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
عامر خان نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان 25مارچ کو یوم تاسیس کا مرکزی پروگرام نشترپارک میں منعقد ہوگا۔ نشترپارک کا جلسہ ماضی کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑے گا۔
کراچی کے حق پرست عوام ایم کیوایم پاکستان کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں۔ گذشتہ بیس سالوں سے سیاسی پارٹیاں کراچی سے ووٹ اور اختیار تولیتی ہیں پر کام نہیں کرتیں۔ تین سال کا عرصہ گزر گیا اس شہر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
کراچی کے اسکول واسپتال تباہ ہیں۔ 3 کروڑ سے زیادہ کی آبادی والے شہر کراچی کو پینے کا پانی میسر نہیں۔حیدرآباد شہر کھنڈر کا نمونہ بنا ہواہے، جبکہ حیدرآباد اور میرپور خاص میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ جان بوجھ کر شہری سندھ کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے۔