کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے 13 اکتوبر کو نعرہ لگایا کہ آر ہوگا یا پار،نہ آر ہوا نہ پار،بلکہ پی ڈی ایم ہوئی بیکار۔
پریس کانفرنس میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے ہمراہ اراکین اسمبلی راجہ اظہر،رابستان خان، شاہنواز جدون، دعا بھٹو سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ بلاول زرداری کے جلسے میں لوگ ناشتہ پانی کے چکر میں بھر کر لائے گئے۔
ہر ایم پی اے کو 50،50 گاڑیاں فراہم کی گئیں ہیں جلسے کیلئے گاڑیوں کا کرایہ صوبہ کے ڈپٹی کمشنرز ادا کررہے ہیں بلاول بھٹو سے پوچھنا چاہتے ہیں 13 سالوں میں 7880 ارب سندھ میں آئے جس کے خزانے کی کنجی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس ہے۔
پی پی چیئرمین بتائیں 7880 ارب سے سندھ کے عوام کی بھلائی اور ترقی کیلئے کیا کیا؟حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میں سندھ کا قائد حزب اختلاف ہوں میرا کام سندھ کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے پیپلزپارٹی سے سندھ کی رقم کا حساب لینا چاہتے۔
ہم چاہتے ہیں کہ پی پی چیئرمین جواب دیں کہ کیوں آج سندھ کا ہر شہر کچرا کنڈی کا نمونہ پیش کررہا ہے، شہر کراچی کو کچرا کنڈی بنادیا گیا سندھ کے ہسپتالوں کی حالت تباہ ہے، سندھ کے اسکولوں کی حالت تباہ ہوچکی ہے،سندھ میں گورننس تباہ ہے۔
سندھ میں پولیس گردی کی جارہی ہے سندھ میں ریاستی دہشتگردی کی جارہی ہے،سندھ حکومت نے مخصوص کمپنیوں کو ترقی دینے کے علاقہ سندھ میں کوئی ترقی کی ہے تو اس کا جواب دیں،انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے بیانیے کی ناکامی کی وجہ جھوٹ، فریب، الزامات، فوج پر حملوں اور عمران خان کی کردار کشی سے آگے بڑھ نہیں سکا۔
پی ڈی ایم جو نظریہ لیکر چلے وہ پھس ہوگیامریم کے ہوم گراؤنڈ لاہور میں عوام باہر نہیں آئے پھر اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر سرکس لگا جس میں سرکس کے شیروں اور گیدڑوں کے علاوہ کوئی نہیں تھا۔
مریم کہتی تھیں میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے اور مریم کے بھائی اعتراف کرتے ہیں کہ اربوں کی جائیداد الحمداللہ ہماری ہے مریم کلیبری فونٹ میں ماسٹر ہیں ابا حضور چاچا حضور سب جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔
ان کے فوج کے رابطوں سے متعلق بیانات پرافسوس کا مقام ہے کہ ترجمان فوج کو خودآکر میڈیا پر تردید کرنی پڑھتی ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں اب ثبوت پیش کریں۔
اگر انہیں کسی نے کال کی تو جلسے میں اپنے موبائل سے دیکھائیں قوم کو اس وقت اس شخص نے کال کی پی ڈی ایم کا نظریہ پاکستان مخالف ہے یہ نظریہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے ہے پاکستان کمزور نہیں ہوگا پاکستان اس وقت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
ہماری افواج پاکستان نے 70، 80 ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے جب ہم اپنے گھروں پر آرام کرتے ہیں اس وقت ہمارے فوجی جوان سرحدوں پر جاگ رہے ہوتے ہیں گوجرانوالہ میں نوازشریف نے اپنے بیانئے سے نفرت پھیلائی پوری قوم اس ڈاکو موومنٹ کیخلاف ہے۔